ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایکسیڈنٹ ریویو اور ریجنل ٹرانسپورٹ کمیٹی کا اجلاس

رحیم یار خان(ویب ڈیسک )ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایکسیڈنٹ ریویو اور ریجنل ٹرانسپورٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔حادثات کی روک تھام کے حوالہ سے پنجاب حکومت کے واضح احکامات پر عملدرآمد اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اجلاس میں پبلک و نجی ٹرانسپورٹ اسٹینڈز پر بنیادی سہولیات فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) احمد رضا بٹ، اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی، ڈی ایس پی سٹی آصف خان، ڈی ایس پی ٹریفک چوہدری اصغر، ریسکیو1122، ہائی ویز، ماحولیات، میونسپل افسران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے ہدایت کی کہ ضلع میں حادثات کی روک تھام کے حوالہ سے پنجاب حکومت کے احکامات اور سابقہ اجلاس میں دی جانے والی تجاویز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ٹریفک پولیس اور ریسکیو1122کی جانب سے گذشتہ اجلاس میں حادثات کی روک تھام کے لئے رحیم یار خان شہر میں بلیک سپاٹ پر ٹریفک قوانین سمیت حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
ریسکیو1122کی بریفنگ میں بتا یا گیا کہ سابقہ چھ ماہ کے ریکارڈ کے مطابق شاہراؤں پر زیادہ تر حادثات کم عمر موٹر سائیکل سواروں کی لاپرواہی کی وجہ سے ہو رہے ہیں مجموعی حادثات میں 70فیصد حادثات موٹر سائیکل سواروں کے رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو1122، ٹریفک پولیس نے ضلع بھر میں مشترکہ وزٹ کرکے70سے زائد بلیک سپاٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے حفاظتی تجاویز محکمہ شاہرات اور متعلقہ حکام کو فراہم کر دی ہیں۔انہوں نے تجویز دی کہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقا د کرایا جائے اور تعلیمی اداروں کے سربراہان روزانہ بچوں بلخصوص موٹر سائیکل چلانے والے طلباء کو روڈ سیفٹی پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کریں۔
ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے ہدایت کی کہ ضلع کے تمام بلیک سپاٹ پر ٹریفک قوانین سے متعلق آگہی سائن بورڈ آویزاں کئے جائیں جبکہ محکمہ شاہرات ماہرین کی تجاویز پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام بلیک سپاٹ پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ کم عمر موٹر سائیکل سواروں، بغیر ہیلمٹ اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ ٹریفک قوانین کی آگہی کے لئے تعلیمی اداروں کے ساتھ محکمہ زراعت گاؤں و دیہاتوں میں بھی ٹریفک قوانین بارے آگہی فراہم کرے۔انہوں نے تمام پبلک اور نجی بس اسٹینڈز پر بنیادی سہولیات فراہمی کی ہدایات جاری کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)نے تجویز دی کہ ضلع کے تمام پبلک بس اسٹینڈز کے معاملات متعلقہ تحصیل کے گریڈ16کا آفیسرز سنبھالیں گے، کلیریکل سٹاف کو انتظامات دینے سے مسائل سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پبلک اسٹینڈ پر مسافروں بلخصوص خواتین اور بچوں کے لئے تمام بنیادی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔