رحیم یار خان: خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کے تیسرے کانووکیشن کی پروقار تقریب میں چانسلر و گورنر پنجاب انجینئر میاں بلیغ الرحمان نے شرکت کی جس میں 2903 فارغ التحصیل طلبا و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ قبل ازیں گورنر پنجاب نےپی سی ون فیز ٹو کی تکمیل اور سولر پارک کا افتتاح کیا۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا تیسرا کانووکیشن منعقد ہوا جس میں چانسلر و گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمان نے خصوصی شرکت کی۔کانووکیشن میں 2017 سے 2022 تک کے پی ایچ ڈی، ایم فل وایم ایس اور بی ایس کے طلبا و طالبات کو ڈگریاں عطا کی گئیں۔ اس دوران 37 طلبہ نے گولڈ جب کہ 33 نے سلور میڈلز اپنے نام کیے۔ چانسلر و گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمان نے کامیاب ہونے والے طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کے لیے بہت بڑادن ہے، انہوں نے کہا نوجوان ہی اس ملک کا مستقبل ہیں۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو مثبت ، تعمیری اور تخلیقی سمت میں آگے بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا خواجہ فرید یونیورسٹی آکر بے حد خوشی ہوئی۔ کئی منصوبوں کا افتتاح ہوا۔ کیمپس کو پھلتاپھولتا دیکھا۔ انہوں نے کہا تعلیمی ادارے نسل نو کے بہتر مستقبل کے لیے کوشاں ہیں۔ تعلیم و ہنر اور شخصیت میں نکھار پیدا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا آئی ٹی ، آرٹی فیشل انٹیلی جنس اب دنیا کا مستقبل ہیں۔ اور خوشی ہوئی کہ جامعہ عالمی رینکنگز میں مسلسل آگے بڑھ رہی ہے، یہاں بہتری آرہی ہے۔ یہ ساری کامیابیاں ہمیں خوشی فراہم کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا ان کامیابیوں پر میں جامعہ اور اس میں زیر تعلیم تمام افراد کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔ اس سے قبل اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے جامعہ کی تعلیمی و تحقیقی کامیابیوں ،سکالر شپ پروگرام ، انفراسٹرکچر کی تعمیر، سکل ڈیویلپمنٹ ، اخلاقی تربیت اور دیگر نمایاں پہلووں کو اجاگر کیا۔قبل ازیں گورنر پنجاب نے پی سی ون فیز ٹو میں جن منصوبوں کی تکمیل کا افتتاح کیا ان میں 4 سٹوڈنٹس ہاسٹل، جامعہ مسجد ، کمرشل مارکیٹ، کمیونٹی سنٹر، ویسٹ ڈسپوزل سٹیشن اور اندرون کیمپس ہائی وولٹیج ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک شامل ہیں۔بعد ازاں انہوں نے یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کے تیار کردہ آئی ٹی پراجیکٹس کی نمائش کا دورہ کیا اور طلبہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔کانووکیشن میں ضلع بھر کی سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوئیں جن میں سابق چیف سیکرٹری فضیل الٰہی ، سابق اراکین قومی اسمبلی میاں امتیاز احمد،زیب جعفر، مائزہ حمید گجر،شیخ فیاض الدین، سابق ایم پی ایز عمر جعفر، محمود الحسن چیمہ، ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی، ڈی پی اورضوان عمر گوندل، صدر چیمبر آف کامرس محمد اقبال، صدر پریس کلب عاصم صدیق سمیت سیاسی ، صحافتی، سماجی شخصیات اور سیکڑوں طالب علم شامل ہیں۔
خواجہ فرید یونیورسٹی کا تیسرا کانووکیشن،چانسلر و گورنرپنجاب میاں بلیغ الرحمان شریک،2900طلبہ میں ڈگریاں تقسیم