مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی آج 56 ویں برسی منائی جارہی ہے

لاہور : بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی بہن اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 56 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

محترمہ فاطمہ جناح 31 جولائی 1893 ء کوکراچی میں پیدا ہوئیں، اس وقت قائد اعظم لندن میں تعلیم حاصل کر رہے تھے، فاطمہ جناح کی عمرجب دو سال ہوئی تو آپ کی والدہ محترمہ کا انتقال ہو گیا۔17 اپریل 1902 ء کو آپ کے والد کا بھی انتقال ہو گیا تو بڑے بھائی محمد علی جناح نے گھر کی تمام ذمہ داریاں سنبھال لیں۔فاطمہ جناح نےمیٹرک کے بعد1913 میں سینئر کیمرج کا امتحان پاس کیا،  1919 ء میں کلکتہ میں ڈاکٹر احمد ڈینٹل کالج میں داخلہ لیا اور 1922 ء میں ڈگری حاصل کی اور ممبئی میں پریکٹس شروع کر دی، قائد اعظم کی شریک حیات کی وفات کے بعد20 فروری 1929 ء کو فاطمہ جناح اپنا کلینک چھوڑ کران کے گھر میں منتقل ہو گئیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے گھر منتقل ہونے کے بعد انہوں نے تحریک آزادی کو اپنا مشن بنایا۔ قائد اعظم نے خود اعتراف کیا کہ میں کوئی بھی سیاسی حتمی فیصلہ اپنی بہن فاطمہ جناح کے مشورے کے بغیر نہیں کرتا۔ 

قائد اعظم کے بعد اگر کسی ایسی شخصیت کا ذکر مقصود ہو جس کی عدم موجودگی میں پاکستان کا قیام ناممکن ہو تو پھر فاطمہ جناح کا ہی نام آئے گا، فاطمہ جناح نے قائد اعظم کے ساتھ اپنی طویل رفاقت میں برادرانہ محبت، خلوص، نگرانی، تیمارداری اور مشاورت کا حق ادا کیا۔آپ کا بھائی کے ساتھ یہ تعلق ان کی وفات 11 ستمبر 1948 ء تک جاری رہا۔

اپنی طویل جد وجہد میں پاکستان کے لیے سب کچھ قربان کر دینے والی فاطمہ جناح 9 جولائی 1967 ء کو اس دار فانی سے کوچ کر گئیں۔ آپ کا مزار قائد اعظم کے مزار کے احاطے میں ہے۔