وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے ہمراہ کچہ کا دورہ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب مقصود الحسن اور ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے خوش آمدید کہا دورہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے جاری کامیاب آپریشن پر پولیس کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سخت موسم اور نامساعد حالات کے باوجود پولیس جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا
رحیم یارخان :وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے ہمراہ کچہ کا دورہ، کچہ آپریشن میں پیش رفت کا جائزہ لیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بریفنگ دی، وزیر اعلی نے سخت گرمی، حبس اور نامساعد حالات میں پولیس فورس کے افسران و جوانوں کی کارکردگی اور جذبے کی داد دی، کچہ میں قائم پولیس چوکی، سکول اور ڈسپنسری کا جائزہ لیا اور انعامات دئیے، پولیس جوانوں کے ساتھ کھانا کھایا تاریخی مسجد بھونگ بھی دیکھی۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے ہمراہ کچہ کے دورہ پر رحیم یارخان پہنچے جہاں پر ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب مقصود الحسن اور ڈی پی او رضوان عمر گوندل، ڈی سی اشفاق احمد بھٹی اور اے ایس پی بھونگ سرکل شاہزیب چاچڑ نے ان کو خوش آمدید کہا، وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے اس موقع پر کچہ میں تعینات پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس فورس کے کچہ میں گرمی حبس اور نامسائد حالات میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران و جوانوں کے جذبے کی قدر کرتے ہیں اور آج وہ ان کے حوصلے بڑھانے کے لیے ان کے درمیان موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ قوم کو پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے جنہوں نے کچہ میں کامیابی سے آپریشن کرتے ہوئے کچہ کا بیشتر علاقہ شرپسندوں سے خالی کروایا اور اس کا تسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں وہ ان کے جذبے کو سلام کرتے ہیں، کچہ میں امن و امان کا تسلسل ان کی پہلی ترجیحی ہے کیونکہ امن ہی کسی بھی علاقہ کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کے ٹھکانے ختم کر دئیے گئے ہیں مستقل بنیادوں پر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، وزیر اعلی پنجاب نے کچہ آپریشن کی پیش رفت کا جائزہ لیا جنہیں آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ آپریشن میں حاصل شدہ کامیابیوں پر مفصل بریفنگ دی جبکہ ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب مقصود الحسن اور ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے بھی انہیں تفصیلات سے آگاہی فراہم کی، وزیر اعلی نے کچہ میں قائم پولیس چوکی، سکول اور ڈسپنسری کا دورہ کیا اور زیر تعلیم بچوں میں نقد انعامات تقسیم کیے، جبکہ ڈسپنسری میں علاج معالجہ کے لیے آئے ہوئے مقامی افراد کی بھی مالی امداد کی، انہوں نے کچہ میں تعینات پولیس افسران و جوانوں کے ہمراہ دوپہر کا کھانا کھایا اورا ن کی حوصلہ افزائی کی، واپسی پر وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے دیگر افسران کے ہمراہ تاریخی مسجد بھونگ دیکھی اور اس کی تعمیر و خوبصورتی کی تعریف کی اور اپنا دورہ مکمل کرتے ہوئے واپس روانہ ہو گئے۔