
رحیم یار خان: ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی کی زیر صدارت ضلعی ایمر جنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس۔ڈپٹی کمشنر نے15جون کو انسداد ڈینگی ڈے بھرپور انداز سے منانے کے لئے متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کئے جبکہ بوگس انٹری اپ لوڈ کرنے پر متعدد محکموں کے موبائل یوزر اور افسران کو شوکاز نوٹس دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی ہیڈ کواٹر اور تحصیلوں میں انسداد ڈینگی کے حوالہ سے آگہی واک اور سیمینارزمنعقد کئے جائیں۔انہوں نے تمام ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ انسدا د ڈینگی کے حوالہ سے متعلقہ تحصیل اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ مل کر حکمت عملی مرتب کریں جبکہ تمام سرکاری محکمہ جات اپنے دفاتر و رہائش گاہوں کے سٹورز، چھت اور دیگر خالی جگہوں کی مکمل صفائی کریں۔انہوں نے محکمہ ہیلتھ افسران کو ہدایت کی کہ ڈیش بورڈ پر بوکس انٹری کرنے والے اہلکاروں کی نشاندہی کی جائے جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران کو بھی غفلت برتنے پر شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں۔انہوں نے آئندہ اجلاس میں تمام ضلعی افسران کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سخاوت رندھاوا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بارشوں کے بعد ہاٹ سپاٹ کی بھی سختی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اووی ٹریپ کی چیکنگ جاری ہے۔انہوں نے ان ڈور، آؤٹ ڈور سرویلنس سمیت تمام اداروں کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔