
ہینڈ آؤٹ نمبر 448
رحیم یار خان (ویب ڈیسک ) یومِ استحصالِ کشمیر (5 اگست) کے موقع پر ضلعی انتظامیہ رحیم یار خان کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کی۔ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملک فاروق احمد، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان، ممبر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی میاں عامر شہباز، ضلعی افسران، ریسکیو 1122، پیرا فورس، سول ڈیفنس، سول سوسائٹی، ممبران ضلعی امن کمیٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، بھارتی مظالم کی مذمت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہر سطح پر کھڑی ہے اور ان کی منصفانہ جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے جب بھارت نے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ بھارتی مظالم اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے جبر کی جانب مبذول کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان اور پوری قوم کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام، ترقی، مقبوضہ کشمیر کی جلد آزادی اور شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
