ڈی پی او عرفان علی سموں کا کچہ کے مختلف علاقوں کا دورہ، عوام میں گھل مل گئے

رحیم یار خان: ڈی پی او عرفان علی سموں کا کچہ کے مختلف علاقوں کا دورہ، عوام میں گھل مل گئے، اہلِ علاقہ نے کچہ میں ڈاکو راج کے خاتمے پر شکریہ ادا کیا جبکہ “عرفان علی سموں زندہ باد” کے نعرے بھی لگائے۔

تفصیل کے مطابق ڈی پی او عرفان علی سموں نے کچہ آپریشن کے بعد ایک مرتبہ پھر کچہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں دوکاندار، محنت کش، کاشتکار، مزدور پیشہ اور زمیندار طبقے سے وابستہ افراد شامل تھے۔

ڈی پی او عرفان علی سموں کو عوام الناس نے اپنے درمیان پا کر خوشی کا اظہار کیا اور مختلف امور پر ان سے گفتگو کرتے رہے۔ شہریوں نے کچہ آپریشن کی کامیابی اور اس کے مثبت نتائج پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ بے فکری سے مارکیٹوں، دکانوں اور اپنے روزمرہ معمولاتِ زندگی انجام دے رہے ہیں۔ عوام کا کہنا تھا کہ ان کے جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ یقینی ہوا ہے اور علاقے میں امن کی بحالی سے ان کی زندگیوں میں سکون واپس آیا ہے۔

اہلِ علاقہ نے ڈی پی او عرفان علی سموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “آپ جیسے آفیسر کی آمد سے کچہ کے حالات بدل گئے اور عوام کو حقیقی معنوں میں امن نصیب ہوا ہے۔”

اس موقع پر ڈی پی او عرفان علی سموں کا کہنا تھا کہ:
“امن و امان کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے گا جبکہ قانون کی حکمرانی اور بالادستی ہر صورت قائم رکھی جائے گی۔ کچہ کے علاقوں میں حکومتِ پنجاب کی خصوصی دلچسپی سے انقلابی منصوبے شروع ہوں گے جو مستقبل میں کچے اور پکے کا فرق مٹا دیں گے۔”