کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا کا ضلع رحیم یار خان کا دورہ، ضلعی ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی

بہ تسلیمات ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ حکومت پنجاب


ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس رحیم یار خان
مورخہ9 2 اپریل 2026

ہینڈ آؤٹ نمبر 254
رحیم یار خان (ویب ڈیسک ) کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے ضلع رحیم یار خان کا دورہ، ضلعی ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ، ڈی پی او عرفان علی سموں سمیت ڈویژن اور ضلع کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات، ضلعی محکموں کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ڈی پی او نے کچہ ایریا میں امن و امان کی صورتحال پر آگاہ کیا۔
کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور ڈویژن میں ضلع رحیم یار خان کی کارکردگی نمایاں ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صحت، تعلیم اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں درپیش مسائل کے حل کے لیے کمشنر آفس مکمل معاونت فراہم کرے گا۔ تمام افسران عوامی مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنائیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد جاری رکھیں۔انہوں نے گندم خریداری ہدف کے حصول، ”اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم” کے فروغ اور کسانوں کو سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔ مزید برآں این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے متوقع بارشوں کے پیش نظر اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ اور نشیبی علاقوں میں بارشی پانی کے مؤثر استعمال کے اقدامات کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کچہ ایریا کی تعمیر و ترقی کے لیے خصوصی ڈویلپمنٹ پیکج کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت نئے تھانے، پولیس چوکیاں، صحت و تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں متعدد منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور ریونیو انڈیکیٹرز میں صوبہ بھر میں آٹھویں پوزیشن پر ہے۔انہوں نے گندم خریداری مہم، شجرکاری، بیوٹیفکیشن، ناجائز تجاوزات کے خاتمے، آوارہ کتوں کے کنٹرول، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی، ماڈل و ریڑھی بازاروں کے قیام اور دیگر عوامی فلاحی اقدامات پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں طویل عرصہ سے تعطل کا شکار نو سے زائد منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں جن میں برن یونٹ شیخ زید ہسپتال، کیڈٹ کالج خانپور فلائی اوور اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہر میں سیوریج مسائل کے حل کے لیے خصوصی سٹی پیکج منظور کروایا گیا ہے جبکہ چاروں تحصیلوں اور مختلف یونین کونسلز میں سپورٹس کمپلیکسز کی تعمیر جاری ہے۔
ڈی پی او عرفان علی سموں نے بریفنگ میں بتایا کہ کچہ ایریا میں سرگرم سات سے زائد خطرناک ڈاکو گینگز قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے ہتھیار ڈال چکے ہیں۔ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں پر مشتمل یہ خطہ ماضی میں جرائم پیشہ عناصر کی محفوظ پناہ گاہ رہا تاہم مشترکہ حکمت عملی، بین الصوبائی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے علاقے میں امن قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کچہ کراچی، کچی جمال، کچی مورو سمیت مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 327 اشتہاری ملزمان نے سرنڈر کیا جن پر کروڑوں روپے کے انعامات مقرر تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر پولیس کو جدید اسلحہ اور آلات فراہم کیے گئے جس کے باعث امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب انتظامی افسران بلاخوف و خطر کچہ ایریا کا دورہ کر سکتے ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر کمشنر بہاولپور نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اشتہار