
رحیم یار خان (ویب ڈیسک ) ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیرِ صدارت ضلع بھر کے تمام محکموں کے کارکردگی انڈیکیٹرز کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملک فاروق احمد، اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان خان سمیت مختلف محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی متعلقہ تحصیلوں سے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں انتظامی امور پر خصوصی توجہ دیں اور پرائس کنٹرول، صفائی ستھرائی اور عوامی شکایات کے بروقت ازالہ کے لیے موثر اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افسران فیلڈ وزٹس میں اضافہ کریں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور بغیر نقشہ منظوری تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ مون سون سیزن سے قبل سیوریج لائنوں کی صفائی (ونچنگ) مکمل کی جائے تاکہ شہری علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل سے بچا جا سکے۔ ناجائز تجاوزات اور سرکاری اراضی پر قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فلڈ بندوں کا باقاعدہ دورہ کیا جائے اور دریائی بیلٹ میں واقع یونین کونسلز میں آبادی اور لائیو سٹاک کا اپ ڈیٹ سروے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل اور دیہی سطح پر نمبرداران، آئمہ مساجد اور دیگر مقامی نمائندگان کے رابطہ نمبرز کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت انخلاء ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں بھی جامع سروے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فصلوں، مویشیوں اور زرعی مشینری بشمول ٹریکٹر ٹرالی کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی فیلڈ ٹیموں کے ذریعے آوارہ اور پالتو کتوں کی نشاندہی کا عمل فوری مکمل کریں جبکہ ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیز کو آوارہ کتوں کے خاتمے کی مہم میں تیزی لانے کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ”ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت شہروں اور دیہاتوں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جائے، گرین بیلٹس کے قیام، شجرکاری اور خوبصورتی کے اقدامات کو فروغ دیا جائے۔ پبلک اور فیملی پارکس کی حالت بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرنے اور گرانفروشی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں سرانجام دیتے ہوئے عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیں اور حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں