تیل پیدا کرنے والے ممالک کو پیداوار بڑھانے میں وقت لگے گا،سعودی وزیر خزانہ

ریاض۔18اپریل (اے پی پی):سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں تیل کی ترسیل دوبارہ شروع ہونے کی راہ ہموار ہوگی، تاہم وزیر خزانہ نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال بہت نازک ہے۔

العربیہ اردو کےمطابق بین الاقوامی مالیاتی کمیٹی کے سربراہ محمد الجدعان نے کہا کہ بعض ممالک تیل سے متعلق اپنی پیداواری صلاحیت کو تیزی سے بحال کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے لیکن کچھ ممالک کو اس میں وقت لگے گا، نیز اس کا انحصار ان ممالک کو پہنچنے والے نقصان پر ہے۔

آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی واشنگٹن میں ہونے والی میٹنگ میں بریفنگ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج یہ نہیں ہے کہ تیل و گیس کی پیداوار میں کتنا اضافہ کیا جا سکتا ہے، اہم یہ ہے کہ کیا تیل و گیس کی کھیپ کی پشت پناہی اور دیگر لاجسٹک میں بیمہ کنندگان آسانی محسوس کریں گے۔