اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):معروف لوک گلوکار عارف لوہار کی سالگرہ ہفتہ کو منائی گئی۔ عارف لوہار 18 اپریل 1966 کو لالہ موسیٰ میں پیدا ہوئے، خوبصورت آواز اور خوش لباسی ان کی پہچان ہے۔عارف لوہار گزشتہ 20 سال کے دوران دنیا بھر میں 50 سے زیادہ غیر ملکی دوروں میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ جن میں امریکا اور متحدہ عرب امارات کے دورے بھی شامل ہیں ۔
انہوں نے پاکستان اور بھارت میں متعدد پنجابی فلموں کیلئے بھی نغمے گائے ہیں۔ان کے گائے صوفیانہ کلام اور جگنی نے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کی۔ عارف لوہار نے 2010 کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے سرگرم مہم چلائی ۔ انہوں نے قومی ٹیلی وژن اور بین الاقوامی سطح پر فنڈ اکٹھا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔اس دوران عارف لوہار نے ملک بھر میں خصوصی محافل موسیقی میں بھی پرفارم کیا۔عارف لوہار کو برٹ ایشیاء ٹی وی میوزک ایوارڈز کے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سمیت متعدد قومی و بین الاقوامی ایوارڈز اور تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا جا چکا ہے۔