لاہور۔6اپریل (اے پی پی):لاہور کی سیشن عدالت نے جوئے ؍ آن لائن بیٹنگ ایپس کی غیر قانونی پروموشن سے متعلق دو الگ مقدمات میں معروف یوٹیوبرز سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی اور اقرا کنول کی عبوری ضمانتوں میں 23 اپریل تک توسیع کردی۔ عدالت نے متعلقہ حکام سے فرانزک رپورٹ اور تفتیشی رپورٹس طلب کرلیں۔ایڈیشنل سیشن جج ذوالفقار احمد نعیم نے یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانت پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ فرانزک رپورٹ آنے میں مزید دو ہفتے درکار ہیں، جس پر عدالت نے این سی سی آئی اے کو رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت دے دی اور سماعت 23 اپریل تک ملتوی کردی۔ ملزمہ عروب جتوئی اپنے وکلا عثمان لطیف اور آفتاب کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔دوسری جانب اسی نوعیت کے ایک اور مقدمے میں یوٹیوبر اقرا کنول کی عبوری ضمانت پر بھی سماعت ہوئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر این سی سی آئی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے اقرا کنول کی عبوری ضمانت میں 23 اپریل تک توسیع کردی۔ ملزمہ اپنے وکیل محمد سلیم چوہدری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ وکیلِ صفائی کے مطابق اقرا کنول شاملِ تفتیش ہوچکی ہیں اور انہوں نے تفتیش کے دوران تمام سوالات کے جوابات دے دیے ہیں۔
یوٹیوبرز عروب جتوئی اور اقرا کنول کی عبوری ضمانتوں میں توسیع