مظفر آباد۔ 08 اپریل (اے پی پی):قومی پیغام امن کمیٹی نے پاکستان کے امن، استحکام اور عالمی سطح پر مثبت کردار کو سراہتے ہوئے قومی یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران امریکہ اسرائیل جنگ میں ثالثی کے ذریعے دنیا کو بڑی تباہی سے بچالیا ہے جس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔قومی پیغام امن کمیٹی جمعتہ المبارک ملک بھر میں یوم تشکر اور یوم دعا کے طور پر منائے گی ۔
بدھ کوان خیالات کا اظہار قومی پیغام امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا طاہر اشرفی نے وزیر برائے مذہبی امور و اطلاعات آزادجموں وکشمیر چوہدری محمد رفیق نئیر اور قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ ایوان وزیراعظم مظفرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر مولانا طاہر اشرفی کے علاوہ مولانا راغب نعیمی، مولانا زبیر فہیم، مولانا یوسف کشمیری، ڈاکٹر محمد آصف اکبر قادری، مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری، علامہ عارف حسین وحیدی، مولانا زاہد منصور، مفتی عبدالرحیم، علامہ توقیر عباس، مفتی عثمان، راجیش کمار، رمیش سنگھ اروڑا و دیگر موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں پاکستان کیوجہ سے امن و استحکام کی فضا پیدا ہوئی ہے، دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان امن کا مرکز ہے،پاکستان نے مایوسی کے بجائے امید دلائی،فیلڈ مارشل نے لاکھوں انسانی جانوں کو بچایا، ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کروانا ہے، پاکستان نے آگے بڑھنا ہے اور مزیدمستحکم ہونا ہے، پاکستان ایک ذمہ داراور امن پسند ملک ہے اور پوری دنیا میں پاکستان کے کردارکو سراہاجارہا ہے ۔انہوں نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک تحریک آزادی کشمیر جاری رہے گی۔
جمعتہ المبارک ملک بھر میں یوم تشکر اور یوم دعا کے طور پر منایا جائے گا۔ وطن عزیز کی سلامتی کے لیے ہم سب ایک ہیں۔ علامہ طاہر اشرفی نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وزیرمذہبی امور چوہدری محمدرفیق نئیر اور حکومت آزادکشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا تعلق اٹوٹ ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ آزادجموں وکشمیر میں بین المذاہب ہم آہنگی اوررواداری قابل ستائش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حالیہ عالمی کشیدگی میں اپنا سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے امن کو فروغ دیا اور امید کا پیغام دیا۔انہوں نے کہاکہ دنیا کہہ رہی ہے کہ پاکستان امن کا مرکز ہے اور اسکا سپہ سالار فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر ہے، ہندوستان کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ دن بدن ہر صبح و شام اسکی ہزیمت میں اضافہ ہوتا رہیگا۔ پاک افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور حکومتی قیادت کی کوششوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی جس سے لاکھوں انسانی جانیں بچیں اور دنیا میں امن و استحکام کی فضا قائم ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ’’معرکہ حق‘‘کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر عزت و وقار حاصل ہوا ہے، مئی اور اپریل میں پورے ملک میں اس کامیابی پر تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
انہوں نے کہاکہ جس انداز سے پاکستان دنیامیں کامیابیاں حاصل کررہا ہے تحریک آزادی کشمیربھی انشا اللہ کامیاب ہوگی۔ وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نیئر نے قومی پیغام امن کمیٹی کو آزادکشمیر آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ آزادخطہ میں محبت، اخوت، سیاسی رواداری اور بھائی چارے کی فضا قائم ہے اور قومی پیغام امن کمیٹی کیوجہ اس مثبت ماحول کو مزید تقویت ملے گی اور ایک اچھا پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے ثالثی کرکے دنیا کو بڑی تباہی سے بچایا جو ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے اورپاکستان کے ذمہ دارانہ اور امن پسند کردارکی عکاسی ہے۔انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں پاکسان کے امن کے فروغ کے لیے کردار کی ستائش کی جارہی ہے جس پر حکومت پاکستان اور فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر مفتی عبدالرحیم نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے عالمی جنگ کے خطرات کو ٹال کر پوری قوم کو خوشی دی ہے، ہم کشمیری عوام اور کشمیری مجاہدین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ قیادت میں کشمیر کو آزادی نصیب ہوگی۔پنجاب صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور یہی ہمارا پیغام ہے جو پوری دنیا تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام اقلیتیں تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ کھڑی ہیں اور شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔مولانا راغب حسین نعیمی نے کہا کہ پاکستان اندرونی و بیرونی سطح پر امن کا داعی ہے اور اس کی سفارتکاری کے باعث جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ اگر جنگ جاری رہتی تو عالمی سطح پر سنگین معاشی اور انسانی بحران پیدا ہو سکتا تھا۔ڈاکٹرآصف میر نے کہاکہ پاکستان کے موقف کو دنیا بھر میں تقویت مل رہی ہے اس سے کشمیریوں کی آزادی کی منزل بھی قریب ہورہی ہے۔ علامہ عارف حسین وحیدی اور سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا اہم ستون ہے اور اس نے ہمیشہ امن، اتحاد اور استحکام کا پیغام دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان کو نظریاتی انتشار کا شکار کرنا چاہتی ہیں مگر قوم متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنائے گی۔ہندو برادری کے نمائندے راجیش کمار نے کہاکہ پاکستان کی ہندو برادری’’معرکہ حق‘‘کی کامیابی پر اپنے مندروں میں دیے جلا کر یکجہتی کا اظہار کرے گی اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔مفتی یوسف کشمیری اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور دنیا اس حقیقت کو تسلیم کر رہی ہے۔