
رحیم یار خان (ویب ڈیسک ) ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے شیخ زید ہسپتال کے شعبہ بیرونی مریضاں (او پی ڈی) کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے او پی ڈی میں مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی کے انتظامات، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری اور مجموعی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی براہ راست ملاقات کر کے علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے مسائل سنے۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، مریضوں کی آمد، دستیاب وسائل اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ایم ایس نے بتایا کہ مریضوں کو بہتر اور بروقت علاج کی فراہمی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور ڈاکٹرز و عملہ اپنی حاضری اور فرائض کی ادائیگی میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق صحت عامہ کے شعبہ میں بہتری اولین ترجیح ہے اور عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے نرسری گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن منصوبہ کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے منصوبہ پر پیشرفت، دستیاب سہولیات اور مجوزہ بہتری کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ لی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ نرسری گراؤنڈ کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو صحت مند تفریحی ماحول میسر آ سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبہ کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے