اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے یونیسکو کی 43ویں جنرل کانفرنس کے موقع پر قطر کی وزیر برائے ایجوکیشن، لرننگ اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن لولوہ بنت راشد الخاطر سے ملاقات کی۔ہفتہ کو موصولہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تعلیم کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا خاص طور پر تعلیم میں ٹیکنالوجی اور جدت کے انضمام پر زور دیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے طلبا کی مستقبل کی مہارتوں ، ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ اور مشترکہ تحقیق، تربیت اور تبادلہ پروگراموں میں تعاون بڑھانے سے متعلق اقدامات پر بات چیت کی۔وجیہہ قمر نے پاکستان میں جاری تعلیمی اصلاحات اور حکومت کے اس عزم کو اجاگر کیا کہ وہ جامع، ٹیکنالوجی اور مہارت پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے شراکت داریوں کو آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے تعلیم کے میدان میں قطر کی جدت اور اعلیٰ معیار کے فروغ کے لیے کوششوں کو بھی سراہا۔
قطری وزیر نے یونیسکو میں پاکستان کے فعال کردار کی تعریف کی اور اس بات کا اظہار کیا کہ قطر استادوں کی تربیت، فنی تعلیم اور دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان علمی اشتراک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تعلیمی جدت، ثقافتی ہم آہنگی اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے مسلسل مکالمے اور شراکت داری کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔