اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک فضائیہ کی جدید صلاحیتوں کو قومی دفاع کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو پاک فضائیہ کے جوانوں کی صلاحیتوں پر فخر ہے، پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدود اور سالمیت کا ہمیشہ بھرپور دفاع کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم فضائیہ 7 ستمبر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ آج ہم یوم فضائیہ منا رہے ہیں، ہم اس موقع پر اپنے شہداءکو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی ہمت اور قربانیاں قوم کو اب بھی متاثر کرتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن نہ صرف ماضی کی فتوحات کو یاد کرنے بلکہ خدمت اور لگن کے زندہ جذبے کو عزت بخشنے کا بھی ہے جو پاک فضائیہ کی تعریف کرتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ 1965 میں ہمارے شاہینوں نے زبردست مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری اور عزم کی داستان لکھی، ان کے جرات مندانہ اقدامات نے نہ صرف ہماری فضائوں کا دفاع کیا بلکہ پوری قوم کے حوصلے بلند کردیئے۔انہوں نے کہا کہ قربانی اور سربلندی کا وہ جذبہ پاک فضائیہ کی ہر نسل میں زندہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مجھے اس بات پر بے حد فخر ہے کہ کس طرح فضائیہ ایک جدید، قابل اور انتہائی پیشہ ورانہ ادارے میں تبدیل ہوئی ہے، چاہیے کہ وہ 1965 کی جنگ ہو یا حالیہ معرکہ حق بنیان المرسوس، پاک فضائیہ نے ہمیشہ چیلنج کا مقابلہ کرتے ہوئے دشمن کو فیصلہ کن جواب دیا اور قوم کو قابل فخر بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے پاکستان ایئر فورس کی شاندار مہارت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مشاہدہ کیا ہے، مجھے پختہ یقین ہے کہ اس کی جدید صلاحیتیں پاکستان کی سلامتی کی مضبوط ترین ضمانتوں میں سے ایک ہیں۔
صدر مملکت نےاس موقع پر شہداءکے خاندانوں کو سلام پیش کیا جنہوں نے سب سے بڑی قربانی دی ہے۔ صدر نے کہا کہ ان کے پیارے قوم کے دلوں میں ابدی ہیروز کے طور پر زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ان غازیوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جن کی ریزیلینس اور لگن جرات کی زندہ مثال ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ اسی عزم اور جذبے کے ساتھ ہماری فضائوں اور خود مختاری کی حفاظت جاری رکھے گی جو اس کا ہمیشہ طرہ امتیاز رہا ہے۔