پاکستان کی قابض اسرائیلی حکومت کی طرف سے فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے جبری بے دخل کرنے سے متعلق بیانات کی شدید مذمت

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):پاکستان نے قابض اسرائیلی حکومت کی طرف سے فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے جبری بے دخل کرنے سے متعلق بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ ہفتہ کو ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی قابض حکومت کی طرف سے فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے جبری بے دخل کرنے کے ارادے سے متعلق حالیہ بیانات کی شدید مذمت کرتا ہے، ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو دانستہ طور پر سبوتاژ کرنے کی کوشش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی اور غیر قانونی بستیوں کی توسیع اسرائیل کی طرف سے انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین سے کھلی لاپرواہی کو ظاہر کرتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری عام شہریوں کی مشکلات کے ازالے اور اسرائیل کو اس کے اقدامات پر جوابدہ بنانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی حقِ خود ارادیت کی جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے اور ایک خودمختار، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے جو 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہوجس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔