لاہور۔5اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ملنے والا ریلیف فساد پارٹی کو اچھا نہیں لگتا، ملک میں خوشخبریوں کا موسم شروع ہو چکا ،رمضان سہولت بازار میں ایک ارب روپے سے زائد کی چیزوں پر عوام کو بچت ہوئی ، کے پی حکومت ملازمین کا پنشن فنڈ ہڑپ کر گئی ، جنگلات پر قومی خزانے کو کروڑ وں روپے کا نقصان پہنچایا،گندم کی خریداری پر اربوں روپے کی کرپشن کی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ڈی جی پی آ ر میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے بعد وزیر اعظم محمدشہبازشریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کااعلان کیا جس پر پنجاب حکومت ان کا شکریہ ادا کرتی ہے اوربجلی کی قیمتوں میں یہ ریلیف بالکل صحیح وقت پردیا گیا جس کا گرمی کے موسم میں عوام کو فائدہ ہوگا، اس سلسلے میں وزیر اعظم محمدشہبازشریف اور ان کی باصلاحیت ٹیم نے بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دینے کے لئے آئی ایم ایف کو منایا جو آسان کام نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اب خوشخبریوں کا موسم شروع ہو چکا ہے ، عوام کوایک اور خوشخبری جلد ملنے والی ہے جس کا باقاعدہ اعلان وزیر اعظم خودکریں گے تاہم یو ٹیوبر اور فساد پارٹی کو پاکستانی عوام کو ملنے والا ریلیف اچھا نہیں لگتا کیونکہ جن کا اپنا بجلی کمپنیوں اور آئی پی پیز سے تعلق تھا وہ صرف باتیں کرتے تھے، تکلیف تو انہیں ہے جو آئی ایم ایف کو خط لکھتے رہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ فساد پارٹی کا پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف کا پروگرام ختم کرنے اور ملک کو سری لنکا بنانے کا منصوبہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے نا کا م بنا دیا ہے ، بجلی کے بلوں میں جو تیزی سے اضافہ ہورہا تھا
وفاقی حکومت نے اپنی مثبت پالیسیوں کی بدولت اسے کم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے،بجلی کی قیمتوں میں کمی سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ، عوام کو روز گار کے مواقع میسر آ ئیں گے، ملکی برآمدات کو فروغ حاصل ہو گا ، پیداواری لاگت میں کمی آ ئے گی اور مہنگائی کا گراف مزید نیچے آئے گا ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز دن رات عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں، مسلم لیگ( ن) کی حکومت جب بھی اقتدار میں آئی ملک کو بحرانوں سے نکالا، عید کے دنوں میں پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کو اشیا خورونوش کی قیمتوں میں ریلیف دیا،رمضان سہولت بازاروں میں عوام کو اشیائے خورد و نوش پر ایک ارب 11کروڑ روپے کی بچت ہوئی جبکہ 3ارب 57کروڑ روپے کی رمضان بازاروں میں خریداری ہوئی اور28 ہزار لوگوں نے فری ہوم ڈیلیوری کے ذریعے رمضان بازار سے سامان منگوایا۔
انہوں نے کہا کہ 13 نئے سہولت بازار اگست تک بنائیں گے جبکہ 69کروڑ روپے سے سہولت بازار سولر انرجی پر منتقل ہو رہے ہیں اورچودہ مقامات پر پائلٹ سہولت” آن دی گو ”پروگرام شروع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز ہر وہ منصوبہ شروع کریں گی جن کے متعلق ان کو لگے گا کہ اس سے عوام کو فائدہ ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عید کے دنوں میں پنجاب میں مسافروں سے اوورچارجنگ کرنے پر ٹرانسپورٹرز کو 22 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا جن میں سے گیارہ لاکھ روپے مسافروں کو واپس دلوائے گئے ۔
ایک اور سوال کے جواب میں عظمی بخاری نے کہا کہ مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی کے حوالے سے وزیر اعلی ڈیسک قائم کر دیاگیا ہے، اگر کسی مریض کو دوائی نہ مل سکے تو متعلقہ ذمہ دار کیخلاف شکایت درج کروائے، اس کے خلاف قانوں کے مطابق کارروائی کی جائے گی ، عید پر صفائی کے بہترین نظام کے تحت ایک ارب روپے کی لاگت سے ایک لاکھ لوگوں کو ملازمت ملی۔
انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت اپنی کرپشن کی داستانوں کی خود ہی کہانیاں سنا ر ہی ہے، چور چور کا کھیل یو ٹیوبرز اور میڈیا کی نظر سے نہیں گزر رہا ،کے پی والے تو ملازمین کا پنشن فنڈ نہیں چھوڑتے، وزیر اعلی گنڈا پورخود کہتے ہیں کہ 75 کروڑ روپے پارٹی کی تشہیر پر لگا چکے ہیں ،کیا وہ غیر قانونی پیسے تھے کہ پارٹی پر لگائے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ چترال میں جنگلات پر قومی خزانے کو 866کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے، کے پی میں انفراسٹرکچر، نہ سکول اورنہ ہسپتالوں میں ادویات ہیں، محکمہ صحت خیبر پختوا میں دستاویزات کے تحت 2 کروڑ80لاکھ روپے کے ہینڈ گلوز تو خریدے تاہم وہ ہسپتالوں میں موجود ہی نہیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ ہسپتال کے پی تیراں کروڑ روپے سے دستانے خریدے گئے جس کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں ہے، گندم کی خریداری پر اربوں روپے کی کرپشن کی گئی، دو ارب روپے مساجد کے نام پر ٹائیگرز کو دئیے گئے۔