پی سی بی نے پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی ترجمانی کی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف

لاہور ۔8دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیمپئنز ٹرافی سے متعلق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اصولی موقف کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کا موقف ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے ، چیئرمین پی سی بی نے آئی سی سی میں پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی ترجمانی کی ہے، پاکستان کی عزت سب سے مقدم ہے۔

پرائم منسٹر آفس پریس ونگ کی جانب سے اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ملاقات کی اور وزیراعظم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے چیمپئنز ٹرافی سے متعلق چیئرمین پی سی بی کے اصولی موقف کو سراہا اور چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے حوالے سے محسن نقوی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے متعلق آپ کا موقف ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آپ نے آئی سی سی میں پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی ترجمانی کی ہے، پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے اور اس کے بعد کچھ اور ہے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو وزیر داخلہ نے آگاہ کیا کہ پی سی بی پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے،ہم پاکستان اور کرکٹ کی جیت چاہتے ہیں، انشا اللہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آئے گی۔