وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ”اپنی چھت اپنا گھر“ اسکیم کا افتتاح کر دیا گیا

رحیم یار خان(ویب ڈیسک) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ضلع کونسل کے جناح ہال میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ”اپنی چھت اپنا گھر“ اسکیم کا افتتاح کر دیا گیا۔ضلع میں 744منتخب ہونے والے افراد کو اس اسکیم کے تحت بذریعہ قرعہ اندازی 15لاکھ روپے بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا۔حکومت پنجاب کی جانب سے پہلی قرعہ اندازی میں 262افراد منتخب ہوئے جس میں سے تمام قواعد وضوابط مکمل ہونے پر15افراد کو چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر خرم پرویز، سابق ایم این اے میاں امتیاز احمد، سابق ایم پی ایز چوہدری محمد شفیق، چوہدری محمود الحسن چیمہ، میاں شاہنواز عامر، ایڈ منسٹریٹو آفیسر ریاست علی،صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب قیصر غفور، صدر ایمرا ظہیر ملک، جنرل سیکرٹری پریس کلب میاں شوکت علی، چوہدری زاہد گجر، ریاض احمد نوری، قاری ظفر اقبال شریف سمیت مسلم لیگی عہدیداران و کارکنان، شہریوں اور مکان کے لئے قرض حاصل کرنے والے مرد و خواتین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے کہا کہ معاشی و معاشرتی دباؤ کے باوجود حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں سود سے پاک متعدد فلاحی منصوبوں کا آغاز کر رہی ہے جس سے عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں ”اپنی چھت اپنا گھر“ جیسا انقلابی منصوبے کا آغاز کیا ہے جس کے تحت صوبہ کے 1لاکھ سے زائد گھرانوں کو اپنا گھر بنانے کے لئے بلا سود قرضے مرحلہ وار دیئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کسان کارڈ، ہمت کارڈ، معذور کارڈ، ہیلتھ کارڈ سمیت دیگر منصوبوں کا بھی آغاز کیا ہے جس میں تمام تر اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ شہری حدود میں ایک تاپانچ جبکہ دیہی علاقوں میں ایک تا دس مرلے زمین کے مالک اپنا گھر بنانے کے لئے حکومت پنجاب کی ویب سائیٹ پر براہ راست رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں بھی عوامی سہولت کے لئے کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں جہاں موجود نمائندے رجسٹریشن کے لئے آنے والے شہریوں کو معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے میاں امتیاز احمد، سابق صوبائی وزیر چوہدری محمد شفیق، سابق ایم پی اے چوہدری محمود الحسن چیمہ، میاں شاہنواز عامر و دیگر نے کہا کہ حکومت پنجاب اپنی چھت اپنا گھر کے لئے بلا سود قرض فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے چار سال میں ملک کا دیوالیہ نکال دیا اور ان نا اہل حکمرانوں نے 50لاکھ گھر01کروڑ نوکریاں عوام کو دینے کا خواب دکھا یا تھا جبکہ موجودہ حکومت عملی طور پر کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں موٹر وئے جیسا عظیم الشان تحفہ دیا جبکہ ملتان، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد میں میاں نواز شریف اور شہباز شریف نے میٹروز، اورنج لائن ٹرین سمیت شاہرات، یونیورسٹیز، ہسپتالوں کے جال بچھائے اور نواز شریف کے دور میں ہی سی پیک جیسے منصوبے کا آغاز ہوا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور گھرانوں کو اپنا گھر دینا میاں نواز شریف کا ویژن تھا جسے ان کی صاحبزادی محترمہ مریم نواز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب پایہ تکمیل کو پہنچا رہی ہیں اور اپنے والد کی رہنمائی میں متعدد عوامی فلاحی منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔انہوں نے اس اسکیم میں کامیاب ہونے والے امیداواران اور بہترین تقریب کا انعقاد کرنے پر ضلعی انتظامیہ کو مبارک باد دی۔