اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری جارحیت اور ظلم کو روکنا امت مسلمہ کی مشترکہ دینی، سفارتی اور اخلاقی ذمہ داری بن چکی ہے

پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ بہاولنگر کے جنرل سیکرٹری رانا محمد انتظار نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری جارحیت اور ظلم کو روکنا امت مسلمہ کی مشترکہ دینی، سفارتی اور اخلاقی ذمہ داری بن چکی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی جنگ اب فلسطین سے نکل کر لبنان، مصر، ایران اور یمن تک پھیل چکی ہے، جبکہ مسلم حکمران خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

رانا انتظار نے اہل غزہ کی بے مثال قربانیوں اور ثابت قدمی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اہل فلسطین کی حمایت میں پاکستانی عوام ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ غزہ کی تحریک مزاحمت کو ایک سال مکمل ہونے پر 7 اکتوبر کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر پورے ملک میں غزہ ملین مارچ اور دیگر اظہار یکجہتی کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے پاکستانی مرد، خواتین اور بچوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں سے نکل کر فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہاولنگر کے نوجوانوں کے دل اہل غزہ کے درد میں مبتلا ہیں اور موجودہ حالات میں غزہ کے مسلمانوں کی حالت زار دنیا کے کسی بھی مسئلے سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ غزہ میں گزشتہ ایک سال کے دوران 45 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن کی قربانیوں نے تاریخ کا نیا باب رقم کیا ہے۔

رانا انتظار نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اہل فلسطین کی حمایت میں پیش پیش رہی ہے اور آج بھی پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارض مقدس فلسطین کا دفاع صرف فلسطینیوں کی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ جنگ بندی کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے قائد اعظم کے اسرائیل کے بارے میں مؤقف کو یاد دلایا کہ انہوں نے اسے ناجائز ریاست قرار دیا تھا۔ آج غزہ ایک قید خانے میں تبدیل ہو چکا ہے، جہاں نہتے عوام کا قتل عام ہو رہا ہے، اور انسانی حقوق کے دعویدار عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔