بھارت نے 5 اگست 2019کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیریوں کی شناخت، ثقافت اور بنیادی حقوق پر حملہ کیا،کشمیری رہنمائوں کا ردعمل

لاہور۔4اگست (اے پی پی):کشمیری رہنمائوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے کشمیریوں کی شناخت، ثقافت اور بنیادی حقوق پر حملہ کیا اور یہ دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کشمیریوں کے لیے یوم استحصال کشمیر کو سیاہ دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے کشمیریوں کی شناخت، ثقافت اور بنیادی حقوق پر حملہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری کل(5 اگست کو) اس دن کو احتجاج اور مظاہروں کے ساتھ منائیں گے تاکہ عالمی برادری کی توجہ بھارت کی جارحیت کی طرف مبذول کرائی جا سکے۔

سردار عتیق احمد خان نے بھارتی اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے 5اگست کو دنیا بھر میں یوم احتجاج کے طور پر منانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف کشمیری عوام متحد ہو کر احتجاج کریں گے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے کہا کہ 5 اگست کشمیریوں کے استحصال کا دن ہے اور یہ دن کشمیر کی منفرد شناخت، ثقافت، آبادی کے تناسب اور بنیادی حقوق پر حملہ ہے جبکہ انہوں نے کشمیری عوام سے اس دن مکمل ہڑتال کی اپیل کی۔ جموں و کشمیر فریڈم موومنٹ کے کنوینر ڈاکٹر زاہد غنی ڈار نے کہا کہ بھارت کے 2019کے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی اپیل کی۔ کشمیری رہنما کشمیر سینٹر لاہور کے سابق ڈائریکٹر صادق جرال نے اپنے ردعمل میں بھارتی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریوں کو مزید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نہ تو اقوام متحدہ کو مانتا ہے نہ ہی کسی اخلاقی و جمہوری اقدار کی پاسداری کرتا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے اور اس پر ہم پاکستانی قوم اور ریاست کے ممنون و احسان مند ہیں جنہوں نے ہمیشہ کشمیری عوام کا ساتھ دیا ۔