
رحیم یار خان(ویب ڈیسک )ڈپٹی کمشنر خرم پرویز کا شہر زیر تعمیر شہر خاموشاں کا دورہ، حکومت پنجاب کے اربن ٹرانسپورٹ منصوبہ کے تحت بس اسٹیشن قائم کرنے کے لئے مجوزہ اراضی کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے نیو جنرل بس اسٹینڈ پرمسافروں کو فراہم سہولیات کا بھی مشاہدہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) احمد رضا بٹ، اسسٹنٹ کمشنر وقاص ظفر اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی نے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے کہ شہریوں کی سہولت کے لئے اربن ٹرانسپورٹ کا منصوبہ شروع کیا جائے اور صوبہ پنجاب کے جن اضلاع میں اربن ٹرانسپورٹ کا آغاز کیا جائے گا ضلع رحیم یار خان بھی ان میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو کی جانب سے چک53کے قریب اربن ٹرانسپورٹ منصوبہ میں شامل بسوں کواسٹیشن کرنے کے لئے مجوزہ اراضی تجویز کی گئی ہے جہاں بس ڈپو قائم کیا جائے گا۔انہوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے زیر تعمیر شہر خاموشاں کا بھی دورہ کیا اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لاہور کے بعد صوبہ کے دیگر پانچ اضلاع بشمول رحیم یار خان شہر خاموشاں ماڈل قبرستان بنایا جا رہا ہے۔ماڈل قبرستان میں چاردیواری، جنازہ گاہ اور وضو خانے کے ساتھ ایمبولینس بھی فراہم کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے نیو جنرل بس اسٹینڈ کے دورہ پر ہدایت کی کہ ایڈ منسٹریٹر میونسپل کمیٹی اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نیو جنرل بس اسٹینڈ میں سہولیات اور آمدن میں اضافہ کے لئے مفصل بریفنگ تیار کریں تاکہ میونسپل کمیٹی کی آمدن اور نیو جنرل بس اسٹینڈ میں ٹرانسپورٹرز، مسافروں کی سہولیات میں اضافہ کے لئے ترجیحی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔