ڈی پی او کا محرم الحرام کی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف امام بارگاہ ہائے کا دورہ

رحیم یارخان ( ویب ڈیسک) ضلع بھر میں محرم الحرام کے سلسلہ میں 226 جلوس اور 457 مجالس کا انعقاد ہو گا پولیس سکیورٹی ہائی الرٹ، جلوس کے راستوں میں بلند عمارات پر سنائپر تعینات سی سی ٹی وی و ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جائے گی، یکم محرم کے سلسلہ میں ایک جلوس اور 43 مجالس منعقد ہوں گی ڈی پی او رضوان عمر گوندل کا دورہ ہدایات جاری کیں ۔ تفصیل کے مطابق ضلع رحیم یارخان میں یکم تا دس محرم الحرام تک 226 جلوس اور 457 مجالس کا انعقاد ہونا ہے جس کے لئیے پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں، سکیورٹی کے لیے 2827 مسلح پولیس اہلکار اور 1046 مقامی انتظامیہ کے رضا کار فرائض سر انجام دیں گے، سکیورٹی کو مزید موئثر بنانے کے لیے سی سی ٹی وی و ڈرون کیمرے، جیمرز، سنیفر ڈاگز، واک تھرو گیٹس، خار دار تاریں اور لوہے کے بیریئرز بھی استعمال میں لائے جائیں گے، سکیورٹی کے سلسلہ میں پولیس کا پاک آرمی اور رینجرز کی مدد بھی حاصل ہے، یکم محرم الحرام کے سلسلہ میں ضلع کے مختلف مقامات پر ایک جلوس اور 43 مجالس کا انعقاد ہوگا جس کی سکیورٹی کے لیے 700 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، گزشتہ شب ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے سٹی ایریا میں محلہ مسوان، حیدری ٹرسٹ، لنگر حسینی و دیگر امام بارگاہ ہائے کی جلوس و مجالس کے مقامات اور روٹس کا دورہ کیا اس موقع پر اے ایس پی فہیم کلواڑ، ڈی پی سٹی سرکل چوہدری آصف رشید ،ایس ایچ او تھانہ سٹی بی ڈویژن انسپکٹر جام محمد اعجاز، انچارج سکیورٹی حسین رضا نظامی و دیگر پولیس افسران اور جبکہ اہل تشیع عہدیداران بابر زمان، مرتضی حیدر بھی موجود تھے، انہوں نے دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور اس سلسلہ میں پولیس افسران کو احکامات و ہدایات جاری کیں اور کہا کہ پولیس اہلکار پوری طرح چاک و چوبند رہتے ہوئے سکیورٹی کےفرائض سر انجام دیں اس سلسلہ میں کسی قسم کی سستی یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی جاری شدہ سکیورٹی پلان پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔